اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی شمخانی نے پیرکے روزتہران میں ہالینڈ کے وزیرخارجہ البرٹ کوئنڈرس سے ملاقات میں کہا کہ دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے خطرات کا حقیقی مقابلہ کرنے کے لیے تمام ملکوں خاص طور پر شام اور عراق کے اقتدار اعلی کا احترام کرنے کی ضرورت ہے- انھوں نے پناہ گزینوں کے بحران کو حل کرنے اور بدامنی کا شکار ملکوں میں امن و استحکام قائم کرنے کی کوشش کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امن قائم کرنے اور انتہاپسند گروہوں کے خطرات کو دور کرنے کے لیے دہشت گردی کا شکارملکوں میں قانونی حکومتوں کے ساتھ ضروری تعاون کیا جانا چاہیے-
علی شمخانی نے ایران اورگروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ایٹمی سمجھوتے کی جانب اشارہ کیا اورکہا کہ دونوں فریقوں کی جانب سے اپنے وعدوں پرعمل درآمد سے ہی سیاسی راہ حل پائیدارہوسکتی ہے- انھوں نے کہا کہ پابندیاں دوبارہ لاگو کرنا یا انھیں باقی رکھنا جامع مشترکہ ایکشن پلان کے منافی ہوگا اوراس سے بے اعتمادی بڑھے گی-
ہالینڈ کے وزیرخارجہ نے بھی اس ملاقات میں ایران کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے اپنے ملک کی آمادگی پر زوردیتے ہوئے کہا کہ ہالینڈ اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون میں توسیع اوروفود کے تبادلے کا خیرمقدم کرتا ہے- انھوں نے کہا کہ ایٹمی سمجھوتے نے یورپی ممالک خاص طورپرہالینڈ اورایران کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ایک نیا باب کھولا ہے-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲